بغداد، 27ستمبر(ایجنسی)آج منگل کے روز عراقی دارالحکومت کے شیعہ اضلاع کے کاروباری علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم سترہ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔ شدت پسند ملیشیا "اسلامک اسٹیٹ" نے بغداد کے مشرقی حصے جدیدہ میں اُس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، جس میں
آٹھ افراد ہلاک اور کم از کم اُنتیس زخمی ہو گئے۔ "اسلامک اسٹیٹ" کے مطابق یہ حملہ خود کُش جیکٹ پہنے ایک حملہ آور نے کیا۔ ایک اور خود کُش حملہ آور نے خود کو جنوبی بغداد میں دھماکے سے اڑا دیا۔ اس واقعے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور کم از کم چھبیس زخمی ہو گئے۔ یہ حملے ایک ایسے وقت ہوئے ہیں، جب عراقی فوج داعش کے گڑھ مُوصل کے خلاف ایک بڑے حملے کی تیاریاں کر رہی ہے۔